ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : نیشنل ہائی وے کی بدنظمی کو درست نہیں کیا گیا تو ٹول وصولی بند کی جائے گی -  ضلع انچارج وزیر منکال کی تنبیہہ

کاروار : نیشنل ہائی وے کی بدنظمی کو درست نہیں کیا گیا تو ٹول وصولی بند کی جائے گی -  ضلع انچارج وزیر منکال کی تنبیہہ

Sun, 09 Jul 2023 12:58:53    S.O. News Service

منگلورو 9 / جولائی (ایس او نیوز) ڈپٹی کمشنر دفتر کے میٹنگ ہال میں ڈسیاسٹر منیجمنٹ کے تعلق سے افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران اور توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے ذمہ داروں کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر نینشل ہائی وے کے کام میں ہوئی بے قاعدگی اور بدنظمی کو درست نہیں کیا گیا تو ٹول وصولی روک دی جائے گی ۔ 
    
منکال نے کہا کہ " نیشنل ہائی وے کے نامناسب تعمیری کام کی وجہ سے ہی برسات کے موسم میں ضلع کے اندر مصنوعی سیلاب کی کیفیت پیدا ہوتی ہے ۔ ضلع میں ٹول وصولی شروع ہو کر تین سال گزر گئے مگر ابھی تک تعمیری کام مکمل نہیں ہوا ہے ۔ "
    
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے انجینئر نے کہا کہ " ضلع شمالی کینرا میں 146 کلو میٹر ہائی وے تعمیر کرنے کا نشانہ ہے ۔ اس میں سے 138 کلو میٹر کا کام مکمل ہوا ہے ۔"
    
اس پر کاروار-انکولہ ایم ایل اے ستیش سائل نے افسران کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا " تعمیری کام صحیح طریقے پر کیا نہیں جا رہا ہے ۔ معاہدہ کے مطابق طے شدہ میعاد میں کام پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ نئے پُل تعمیر نہ کرتے ہوئے پرانے پُلوں کو ہی استعمال کیا گیا ہے ۔ بس اسٹاپ ہٹائے گئے ہیں اور ان کی جگہ نئے بس اسٹاپس تعمیر نہیں کیے گئے ۔"
    
انہوں نے کہا " ماجالی سے بھٹکل کے شیرالی تک ہائی وے کی تعمیر کے لئے جتنے بس اسٹاپ ہٹائے گئے ہیں ان کے بدلے نئے بس اسٹاپ تعمیر کیے جائیں ۔ آمدلّی اور ارگا علاقے میں نیوی والوں کو چاہیے کہ برساتی پانی کی آسانی کے ساتھ نکاسی کے لئے اقدام کریں ۔ کدرا کے علاقے میں آبی ذخیرہ سے اگر زائد پانی چھوڑا جائے گا تو اس سے درپیش صورتحال سے نمٹنے کے لئے افسران کو پوری طرح تیار رہنا چاہیے ۔ اس سے قبل سیلاب کی وجہ سے جو لوگ گھروں سے بے گھر ہوگئے ہیں ان کے لئے ہمہ منزلہ عمارتوں کی شکل میں رہائشی مکانات فراہم کرنے کے لئے مناسب جگہ کی نشاندہی کی جائے ۔"
    
رکن اسمبلی ستیش سائل نے کاروار اور بینگا کے درمیان تعمیر شدہ سُرنگ کی طرف توجہ دلاتے  ہوئے آئی آر بی افسران سے کہا کہ اس کے پوری طرح محفوظ ہونے کے تعلق سے تشویش ہے ۔ اس سرنگ کے استعمال سے متعلق امکانی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔ 
    
نیشنل ہائی وے کی دیکھ بھال سے تعلق رکھنے والے انجینئرنگ شعبے کے افسر وشواناتھ انگڈی نے بتایا کہ ابھی تک یہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے ۔ 
    
اس پر وزیر منکال وئیدیا نے ہدایت دی کہ " جب تک سرنگ کے استعمال محفوظ ہونے کے تعلق سے رپورٹ موصول نہیں ہوتی تب تک اس سرنگ کا راستہ استعمال کرنے پر روک لگا دی جائے ۔ اس کے علاوہ ٹول وصولی بھی بند کر دی جائے ۔"
    
اس میٹنگ میں ضلع پنچایت سی ای او ایشور کاندور، ایڈیشنل ڈی سی راجو موگویرا، پروبیشنل آئی اے ایس آفیسر زوبین مہا پاترا موجود تھے ۔ 


Share: